” مظاہروں کے دوران سابق کرکٹر مشرفی مرتضیٰ کا گھر نذرِ آتش ” | Express News Pro
”
بنگلادیش میں جاری حکومت مخالف تاریخی طلبہ تحریک کے مظاہروں کے دوران سابق بنگلہ دیشی کرکٹر مشرفی مرتضیٰ کا گھر بھی جلا دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے سابق وزیراعظم حسینہ واجد کی رہائشگاہ پر دھاوا بولنے کے بعد اب عوامی لیگ کے ارکین پارلیمنٹ کے گھروں اور دفاتر پر حملے کرنا شروع کردیے ہیں۔
حکومت مخالف مظاہروں کے دوران مظاہرین نے کھلنا کے ضلع نڑائل میں واقع عوامی لیگ کے رُکنِ پارلیمنٹ اور کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ کا گھر بھی جلا دیا۔
بنگلہ دیش ، مظاہرین کی وزیر اعظم ہائوس میں لوٹ مار ، شیخ مجیب کی رہائشگاہ نذر آتش
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ بنگلادیش کے دیگر شہروں میں بھی عوامی لیگ کے اراکین پارلیمنٹ کے گھروں اور عوامی لیگ کے دفاتر پر حملے کیے گئے ہیں۔ مظاہرین نے ڈھاکا کے علاقے گلستان میں واقع عوامی لیگ کے ہیڈ کواٹرز کو آگ لگادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے ڈھاکا میں شیخ مجیب کی ذاتی رہائش گاہ 32 دھان منڈی، جو اب بنگابندھو میموریل میوزیم ہے، کو بھی آگ لگا دی۔ مظاہرین نے نعرے بازی بھی کی اور عمارت میں رکھا فرنیچر اور دیگر اشیا ساتھ لے گئے۔
”